
وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر قطر پہنچ گئے، امیرِ قطر سے اہم ملاقات آج متوقع
دوحہ،یورپ ٹوڈے: وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر ریاستِ قطر پہنچ گئے، جہاں قطر کے وزیرِ مملکت برائے خارجہ امور نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے اہم ملاقات متوقع ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں اقتصادی تعاون اور توانائی کے شعبے میں شراکت داری کو مزید وسعت دینے پر خصوصی گفتگو ہوگی۔ فریقین تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لیں گے۔
اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان افرادی قوت کی برآمد اور افرادی وسائل کے شعبے میں اشتراک بڑھانے پر بھی بات چیت کی جائے گی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق وزیراعظم کا یہ دورہ پاکستان اور قطر کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور اقتصادی روابط کو نئی جہت دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔