افغانستان

افغانستان شدت پسندوں کا مرکز بن چکا، پاکستان جارحیت کا فیصلہ کن جواب دے رہا ہے: خواجہ آصف

اسلام آباد،یورپ ٹوڈے: وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نیٹو افواج کے انخلا کے بعد افغانستان میں قیامِ امن کی توقع کی جا رہی تھی، تاہم اس کے برعکس پیش رفت نے خطے کے استحکام کو متاثر کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ امید تھی طالبان افغان عوام کے مفاد اور علاقائی استحکام پر توجہ دیں گے، مگر افغانستان شدت پسند گروہوں کا مرکز بن گیا ہے جہاں دنیا بھر کے دہشت گرد جمع ہو کر عسکریت پسندی برآمد کر رہے ہیں۔

خواجہ آصف نے طالبان کی داخلی حکمرانی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ افغان شہریوں کو بنیادی انسانی حقوق سے محروم کیا گیا ہے اور خواتین کو ان حقوق سے بھی محروم رکھا جا رہا ہے جو اسلام نے انہیں عطا کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے معمول کے تعلقات کی بحالی کے لیے براہِ راست اور برادر ممالک کے ذریعے ہر ممکن سفارتی کوشش کی، جامع سفارت کاری اختیار کی، مگر ان اقدامات سے صورتحال میں بہتری نہ آ سکی۔

حالیہ کشیدگی کے تناظر میں وزیرِ دفاع نے کہا کہ پاکستان جارحیت کا مضبوط اور فیصلہ کن جواب دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج دشمن کی ہر کارروائی کا منہ توڑ جواب دے رہی ہیں اور صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔

انہوں نے اس امر پر بھی روشنی ڈالی کہ پاکستان دہائیوں سے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کرتا آ رہا ہے اور آج بھی بڑی تعداد میں افغان شہریوں کو روزگار کے مواقع فراہم کر رہا ہے۔

خواجہ آصف نے واضح کیا کہ “ہماری افواج سمندر پار سے نہیں آئیں، ہم آپ کے ہمسائے ہیں اور اپنے ملک کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔” انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔

یہ بیانات پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی بلااشتعال کارروائیوں کے جواب میں شروع کیے گئے آپریشن “غضب للحق” کے تناظر میں سامنے آئے ہیں۔

دریں اثنا وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے تصدیق کی ہے کہ آپریشن کے دوران اب تک کم از کم 133 افغان شدت پسند ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ متعدد طالبان پوسٹیں تباہ اور بعض پر قبضہ کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مسلسل جوابی کارروائیوں میں اسلحہ ڈپو، بٹالین اور سیکٹر ہیڈکوارٹرز، ٹینک، توپیں اور بکتر بند گاڑیاں سمیت اہم اہداف کو تباہ کیا گیا ہے۔

طالبان Previous post افغان طالبان نے حملہ کر کے بھیانک غلطی کی، جارحیت پر منہ توڑ جواب دیا گیا: محسن نقوی
شہباز شریف Next post مسلح افواج ہر چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار، دشمن کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا: وزیراعظم شہباز شریف