
میران شاہ میں شہید ہونے والے سپاہی سعود خان آبائی گاؤں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک
ہری پور،یورپ ٹوڈے: پاک افغان کشیدگی کے دوران فرائضِ منصبی انجام دیتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے جوان کو ہفتہ کے روز اُن کے آبائی گاؤں گنہاری (کاکوٹری) میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔
سپاہی سعود خان میر ان شاہ کے علاقے تنگرئی سیکٹر میں دورانِ ڈیوٹی فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہوئے۔ ان کی نمازِ جنازہ میں مقامی سیاسی و سماجی شخصیات، معززینِ علاقہ، اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد کے علاوہ پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی، جبکہ قومی پرچم میں لپٹا تابوت مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ قبرستان تک لے جایا گیا اور سرکاری پروٹوکول کے تحت تدفین عمل میں آئی۔
موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مقامی شہریوں نے شہید سپاہی کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے وطن کے دفاع میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے عظیم قربانی دی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور قوم اپنے شہداء کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
ذرائع کے مطابق سپاہی سعود خان گزشتہ سات برس سے پاک فوج میں خدمات سرانجام دے رہے تھے۔ نمازِ جنازہ کے بعد انہیں آبدیدہ آنکھوں کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا۔