قونصل خانے

احتجاج اور سیکیورٹی خدشات: پشاور میں امریکی قونصل خانے کی سرگرمیاں معطل، اسلام آباد و دیگر شہروں میں ویزا سروسز منسوخ

اسلام آباد،یورپ ٹوڈے: امریکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پاکستان کے مختلف شہروں میں احتجاج اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پشاور میں قائم امریکی قونصل خانے نے پیر سے اپنی سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کر دی ہیں۔

ادھر امریکی سفارت خانے اسلام آباد اور کراچی و لاہور میں امریکی قونصل خانوں نے بھی پیر، 2 مارچ کو ویزا اور امریکی شہریوں سے متعلق تمام سروسز کی تقرریاں منسوخ کر دیں۔ امریکی مشن کے مطابق کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں سفارتی تنصیبات کے اطراف احتجاجی سرگرمیوں کے باعث 2 مارچ کی تمام اپائنٹمنٹس منسوخ کی گئیں۔

یکم مارچ کو جاری کیے گئے سیکیورٹی الرٹ میں پاکستان میں امریکی مشن نے کہا کہ وہ لاہور اور کراچی میں قائم قونصل خانوں کے باہر جاری مظاہروں اور اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے اور پشاور قونصل خانے کے باہر مزید احتجاج کی کالز کی نگرانی کر رہا ہے۔ الرٹ کے مطابق امریکی سرکاری عملے کو آئندہ اطلاع تک اپنی نقل و حرکت محدود رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

امریکی مشن نے پاکستان میں مقیم امریکی شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مقامی خبروں پر نظر رکھیں، بڑے اجتماعات سے گریز کریں، اپنے اردگرد کے ماحول سے باخبر رہیں اور اسمارٹ ٹریولر انرولمنٹ پروگرام میں اپنی رجسٹریشن کو اپ ڈیٹ رکھیں۔

یہ پیش رفت ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی اپنے گھر میں اہلِ خانہ کے ہمراہ موجودگی کے دوران مبینہ امریکی-اسرائیلی حملے میں ہلاکت کے بعد ملک بھر میں پھوٹنے والے احتجاجی مظاہروں کے تناظر میں سامنے آئی ہے۔

ملک بھر میں مظاہرین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان جھڑپوں میں کم از کم 23 افراد ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں، جن میں کراچی میں امریکی قونصل خانے کے باہر 10، اسکردو میں 11 اور اسلام آباد میں 2 افراد شامل ہیں۔

کراچی میں مظاہرین امریکی قونصل خانے کے باہر جمع ہوئے جہاں عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ لاہور میں سینکڑوں افراد امریکی قونصل خانے کے باہر جمع ہوئے اور پولیس کی جانب سے آنسو گیس کے استعمال کے بعد چھوٹے پیمانے پر جھڑپیں ہوئیں۔

اسلام آباد میں سخت سیکیورٹی اور سفارتی انکلیو کے اطراف رکاوٹوں کے باوجود مظاہرین نے امریکی سفارت خانے کی جانب مارچ کرنے کی کوشش کی۔

بعد ازاں پنجاب اور اسلام آباد کی انتظامیہ نے حالات پر قابو پانے کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی، جس کے تحت عوامی اجتماعات اور ریلیوں پر پابندی عائد کر دی گئی۔

کراچی میں سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر پیر کو دوسرے روز بھی اہم شاہراہیں ٹریفک کے لیے بند رہیں۔ ٹریفک پولیس کے مطابق امریکی قونصل خانے کی جانب جانے والے تمام راستے حفاظتی خدشات کے باعث بند کر دیے گئے ہیں۔

خوش فہمی Previous post خوش فہمی میں نہ رہنا
سفارت خانے Next post ریاض میں امریکی سفارت خانے پر ڈرون حملہ، محدود نقصان؛ سعودی دفاعی نظام نے متعدد ڈرونز مار گرائے