
مشرق وسطیٰ کی کشیدگی کے باعث پاکستانی ایئرپورٹس سے مزید 145 پروازیں منسوخ، مجموعی تعداد 900 تک پہنچ گئی
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث پاکستانی ایئرپورٹس سے مشرق وسطیٰ جانے والی پروازوں کی منسوخی کا سلسلہ جاری ہے اور آج چھٹے روز مزید 145 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق کراچی سے مشرق وسطیٰ کی 35، لاہور سے 29 اور ملتان سے 12 پروازیں منسوخ کی گئیں جبکہ دیگر ایئرپورٹس سے بھی متعدد پروازیں متاثر ہوئیں۔
ذرائع کے مطابق ایران پر حملے کے بعد پاکستان سے منسوخ ہونے والی پروازوں کی مجموعی تعداد 900 تک پہنچ گئی ہے جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
فلائٹ شیڈول کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ پانچ روز کے دوران آٹھ ممالک کی منسوخ پروازوں کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، جس کی بنیادی وجہ خطے میں جاری کشیدگی اور فضائی حدود سے متعلق حفاظتی اقدامات بتائے جا رہے ہیں۔
ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال معمول پر آنے تک پروازوں کے شیڈول میں تبدیلیاں جاری رہ سکتی ہیں جبکہ مسافروں کو سفر سے قبل اپنی پروازوں کی تازہ صورتحال معلوم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔