نہال ہاشمی

نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ، سمری منظوری کے لیے صدر کو ارسال

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے وزیرِ اعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے منظوری کے لیے سمری صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کو ارسال کر دی ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے نہال ہاشمی سے ملاقات بھی کی اور انہیں گورنر سندھ نامزد کیے جانے پر مبارکباد دی۔ اس ملاقات میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، مشیرِ وزیرِ اعظم رانا ثناء اللہ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

نہال ہاشمی کا تعلق کراچی سے ہے اور وہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماؤں میں شمار کیے جاتے ہیں۔ یاد رہے کہ اس وقت سندھ کے گورنر کامران خان ٹیسوری ہیں جن کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پاکستان) سے ہے۔

نہال ہاشمی کے سیاسی کیریئر پر نظر ڈالیں تو وہ 1997ء سے 1999ء تک وزیرِ اعظم نواز شریف کے مشیر برائے قانون و انصاف کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ بعد ازاں 2012ء میں انہوں نے کراچی میں مسلم لیگ (ن) کے صدر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالیں جبکہ اگست 2014ء میں انہیں سندھ میں مسلم لیگ (ن) چیپٹر کا جنرل سیکریٹری مقرر کیا گیا۔

2015ء میں وہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے پنجاب کی نشست پر سینیٹر منتخب ہوئے۔ تاہم 2017ء میں پاناما کیس سے متعلق ایک متنازع بیان کے بعد انہیں پارٹی سے نکال دیا گیا تھا، بعد ازاں 2021ء میں ان کی پارٹی رکنیت بحال کر دی گئی۔ اب انہیں گورنر سندھ کے عہدے کے لیے نامزد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

عاصم بخاری Previous post سینئر اداکار عاصم بخاری طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے
انڈونیشیا Next post انڈونیشیا میں تعلیم میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور اے آئی کے استعمال کے لیے مشترکہ وزارتی فرمان جاری