
یومِ پاکستان پر صدر آصف علی زرداری کا پیغام، اتحاد اور قومی عزم پر زور
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: صدر مملکت آصف علی زرداری نے یومِ پاکستان کے موقع پر قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اتحاد، باہمی تعاون اور قومی عزم کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ آج ہی کے دن 1940 میں برصغیر کے مسلمانوں نے قراردادِ پاکستان منظور کی اور ایک علیحدہ وطن کا تصور پیش کیا جہاں وہ اسلامی اقدار کے مطابق آزادانہ زندگی گزار سکیں۔
انہوں نے کہا کہ یومِ پاکستان ہمیں یاد دلاتا ہے کہ قومی عزم کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے اتحاد سب سے اہم عنصر ہے۔
صدر نے کہا کہ 1947 میں قیامِ پاکستان کے وقت ملک کو بے شمار چیلنجز کا سامنا تھا، تاہم باہمی تعاون اور عزم کے ذریعے قوم نے مشکلات پر قابو پایا اور مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیت کو ناقابلِ تسخیر بنایا، جوہری طاقت حاصل کی اور دہشت گردی کے خلاف طویل اور کامیاب غیر روایتی جنگ لڑی۔
انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کے دوران بھی قوم نے ایثار اور باہمی تعاون کی روشن مثالیں قائم کیں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ معرکۂ حق کے دوران پاکستان نے دشمن کی جارحیت کا بے خوفی سے مقابلہ کیا اور اسے ایسا سبق سکھایا جو وہ طویل عرصے تک یاد رکھے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج بھی پاکستان کو داخلی اور بیرونی سطح پر مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے قومی اتحاد اور استقامت ناگزیر ہے۔