
سونے کی قیمت میں تاریخی کمی، ملکی تاریخ کی سب سے بڑی گراوٹ ریکارڈ
کراچی، یورپ ٹوڈے: عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد پاکستان میں بھی سونے کی قیمت میں تاریخ کی سب سے بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
بین الاقوامی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی دونوں کی قیمتوں میں نمایاں گراوٹ دیکھی گئی ہے۔ عالمی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت یک دم 436 ڈالر کم ہو کر 4,250 ڈالر کی سطح پر آ گئی۔
عالمی منڈی میں کمی کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی مرتب ہوئے، جس کے نتیجے میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 43 ہزار 600 روپے کی تاریخی کمی واقع ہوئی اور نئی قیمت 4 لاکھ 47 ہزار 762 روپے تک پہنچ گئی، جو ملکی تاریخ کی سب سے بڑی کمی قرار دی جا رہی ہے۔
اسی طرح فی 10 گرام سونے کی قیمت 37 ہزار 380 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 83 ہزار 883 روپے ہو گئی۔
سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ فی تولہ چاندی کی قیمت 800 روپے کم ہو کر 6 ہزار 884 روپے جبکہ فی 10 گرام چاندی کی قیمت 686 روپے کمی کے بعد 5 ہزار 901 روپے کی سطح پر آ گئی۔
ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں اچانک کمی کے باعث مقامی مارکیٹ میں بھی یہ نمایاں گراوٹ دیکھنے میں آئی ہے، جس کے اثرات آئندہ دنوں میں بھی برقرار رہنے کا امکان ہے۔