فضائیہ

ترکیہ کے دورے میں سربراہ پاک فضائیہ کی اعلیٰ دفاعی و ایرو اسپیس قیادت سے اہم ملاقاتیں

Read Time:2 Minute, 29 Second

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ترکیہ کے سرکاری دورے کے دوران اعلیٰ دفاعی، فضائیہ اور ایرو اسپیس قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں دفاعی تعاون، ایرو اسپیس جدت اور جدید ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں دوطرفہ اشتراک کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق ائیر چیف نے ترک فضائیہ کے سربراہ جنرل ضیا کمال کادی اوغلو، ترکیہ کے وزیرِ قومی دفاع یاسر گلیر اور بائیکار ٹیکنالوجیز کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر سلجوق بیرکتر سے ملاقاتیں کیں۔

اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کے سلسلے میں ائیر چیف نے سب سے پہلے ترک فضائیہ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں جنرل ضیا کمال کادی اوغلو نے ان کا تاریخی اور پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر پاک فضائیہ کے سربراہ کو ترک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، جو دونوں ممالک کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات اور باہمی احترام کی علامت قرار دیا گیا۔

دونوں فضائی سربراہان کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ فضائی تعاون، مشترکہ عسکری مشقوں، پیشہ ورانہ تبادلہ پروگرامز اور جدید تربیتی اقدامات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں پاک فضائیہ اور ترک فضائیہ کے درمیان آپریشنل ہم آہنگی اور باہمی استعداد کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ترک فضائیہ کے سربراہ نے ترک پائلٹس کی تربیت میں پاک فضائیہ کے مسلسل تعاون کو سراہتے ہوئے اسے دونوں فضائی افواج کے درمیان پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل فہم کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔

بعد ازاں ائیر چیف نے ترکیہ کے وزیرِ قومی دفاع یاسر گلیر سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ دفاعی تعاون، عسکری روابط اور مختلف شعبہ جات میں مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاکستان اور ترکیہ کے تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات اسلامی اخوت، باہمی اعتماد اور مشترکہ تزویراتی مفادات پر مبنی ہیں۔

ترک وزیرِ دفاع نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے عمل کو سراہا اور تربیت، استعداد کار میں اضافے اور ایرو اسپیس تعاون کے شعبوں میں دوطرفہ روابط کو مزید وسعت دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

دورے کے دوران ائیر چیف کی بائیکار ٹیکنالوجیز کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر سلجوق بیرکتر سے بھی اہم ملاقات ہوئی، جس میں ایرو اسپیس جدت، بغیر پائلٹ فضائی نظام اور جدید دفاعی ٹیکنالوجیز میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ ملاقات دونوں ممالک کے مابین دفاعی ٹیکنالوجیز کے شعبے میں مشترکہ وژن کی عکاس قرار دی گئی۔

سربراہ پاک فضائیہ کا یہ دورہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط اور دیرپا تزویراتی شراکت داری کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔ مبصرین کے مطابق یہ دورہ اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ دونوں برادر ممالک دفاع، ایرو اسپیس اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دے کر اپنے باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے پُرعزم ہیں۔

Happy
Happy
0 %
Sad
Sad
0 %
Excited
Excited
0 %
Sleepy
Sleepy
0 %
Angry
Angry
0 %
Surprise
Surprise
0 %
شہباز شریف Previous post وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قطر کے تأمیر گروپ کے وفد سے ملاقات، غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ پر زور
شہباز شریف Next post وزیراعظم شہباز شریف 23 سے 26 مئی تک چین کا سرکاری دورہ کریں گے