
پاکستان، سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: پاکستان، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں عیدالاضحیٰ آج مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔
ملک بھر میں مساجد، عید گاہوں اور کھلے میدانوں میں نمازِ عید کے بڑے اجتماعات منعقد ہو رہے ہیں جبکہ شہری ایک دوسرے سے گلے مل کر عید کی مبارکباد دے رہے ہیں اور سنتِ ابراہیمیؑ کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کر رہے ہیں۔
Karachi میں نمازِ عید کے بڑے اجتماعات سبیل والی مسجد، میمن مسجد، فیضانِ مدینہ، مرکزی عید گاہ ناظم آباد، جامع مسجد فاروق اعظم، جامع مسجد نیو ٹاؤن، مسجد کنزالایمان، دارالعلوم نعیمیہ اور دارالعلوم امجدیہ سمیت شہر کی مختلف بڑی مساجد، امام بارگاہوں، عید گاہوں اور کھلے میدانوں میں منعقد ہو رہے ہیں۔
کراچی میں نمازِ عید کا سب سے بڑا اجتماع باغ جناح پولو گراؤنڈ میں متوقع ہے جہاں عام شہریوں کے علاوہ سیاسی و سماجی شخصیات، تاجر برادری اور غیر ملکی سفارتکار بھی نمازِ عید ادا کر رہے ہیں۔
شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب مسجد الحرام، مکہ اور مسجد نبوی، مدینہ میں بھی نمازِ عید کے روح پرور اجتماعات منعقد ہو رہے ہیں۔
اسی طرح امریکہ، یونائیٹڈ کنگڈم اور یورپ کے مختلف ممالک میں مقیم مسلمان بھی آج عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منا رہے ہیں۔