
عوام کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے، پیٹرولیم قیمتوں میں نمایاں کمی: وزیراعظم شہباز شریف
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ان کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ ہفتے بھی عوام کو ریلیف دیا گیا تھا اور پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت مشکل ترین معاشی حالات کے باوجود عوام کو سہولتیں فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے مطابق حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ، گڈز ٹرانسپورٹ، موٹر سائیکل اور رکشہ استعمال کرنے والے شہریوں کے لیے فیول پر سبسڈی بھی فراہم کی ہے۔
واضح رہے کہ حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 22، 22 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
اس کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 381 روپے 78 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 380 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے کے بعد سے ہوگا۔