
عیدالاضحیٰ پر صفائی آپریشن مثالی رہا، ستھرا پنجاب ورکرز کے لیے انعام کا اعلان
لاہور،یورپ ٹوڈے: پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ستھرا پنجاب اتھارٹی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور صوبے بھر میں صفائی آپریشن مثالی انداز میں مکمل کیا گیا۔
اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عید کے دوران صفائی ستھرائی کے عمل کی مؤثر نگرانی کے لیے پہلی مرتبہ ڈرونز اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا، جس سے آپریشن کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملی۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سرجری کے باوجود صفائی آپریشن کی مسلسل نگرانی کرتی رہیں اور متعلقہ اداروں سے باقاعدگی سے رپورٹیں حاصل کرتی رہیں۔
سینئر وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے صفائی مہم میں خدمات انجام دینے والے ستھرا پنجاب پروگرام کے ورکرز کی محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے ہر ورکر کے لیے 10 ہزار روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر انتظامی حکمت عملی کے استعمال کو مزید فروغ دے گی۔