
پنجگور میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے 6 دہشت گرد ہلاک
راولپنڈی، یورپ ٹوڈے: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (آئی بی او) کے دوران بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیم ’’فتنہ الہندوستان‘‘ سے تعلق رکھنے والے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پنجگور میں کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں سرگرم 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز) اور ایک گاڑی بھی برآمد کی گئی ہے۔ یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں مزید ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور کردہ حکمت عملی ’’عزمِ استحکام‘‘ کے وژن کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی بھرپور انسدادِ دہشت گردی مہم جاری رکھیں گے۔