
محسن نقوی آج ایران میں، سپریم لیڈر کے لیے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا خصوصی پیغام پہنچائیں گے
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی آج ایک اہم سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی پیغام پہنچائیں گے۔
ایرانی خبر رساں ادارے ارنا (IRNA) کے مطابق باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر داخلہ اپنے دورۂ تہران کے دوران سپریم لیڈر کو فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا اہم پیغام پیش کریں گے، جسے دونوں ممالک کے درمیان قریبی روابط اور باہمی تعاون کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے ایران روانگی سے قبل وزیراعظم محمد شہباز شریف سمیت اعلیٰ حکومتی شخصیات کے ساتھ اہم مشاورتی ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال، علاقائی سلامتی اور ایران و امریکہ کے درمیان جاری مذاکرات سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر داخلہ کو ایران اور امریکہ کے درمیان جاری سفارتی مذاکرات کے حوالے سے بھی خصوصی ہدایات دی ہیں، جنہیں وہ اپنے دورۂ ایران کے دوران متعلقہ ایرانی قیادت تک پہنچائیں گے۔
ذرائع کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور ایران کے درمیان سفارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے، علاقائی امور پر مشاورت کو فروغ دینے اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر تعاون بڑھانے کے حوالے سے اہم پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے۔
وزیر داخلہ کے دورۂ ایران کے دوران اعلیٰ ایرانی حکام سے ملاقاتوں اور مختلف علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلۂ خیال کی بھی توقع کی جا رہی ہے۔