وزیراعظم

صدر مملکت اور وزیراعظم کی کراچی میں پاکستان رینجرز کیمپ پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت، شہداء کو خراجِ عقیدت

Read Time:2 Minute, 30 Second

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے کیمپ پر بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیم کی جانب سے کیے گئے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

ایوانِ صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیم جماعت الاحرار کے حملے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے پاکستان رینجرز کے تین اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہادر جوانوں کی قربانیاں قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے اور پاکستان کی عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کو مزید مضبوط کیا ہے۔ صدر مملکت نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی پاکستان رینجرز (سندھ) کے کیمپ پر فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کو ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان رینجرز کے جوانوں نے ایک بار پھر غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

انہوں نے کارروائی کے دوران تین دہشت گردوں کو ہلاک اور ایک کو زندہ گرفتار کرنے پر سکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورسز نے فتنہ الہندوستان کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔

وزیراعظم نے آپریشن کے دوران شہادت پانے والے اہلکاروں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی، جبکہ زخمی اہلکاروں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور دہشت گردی کی ہر شکل کا پوری قوت سے خاتمہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان اور اس کے سرپرست اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، جبکہ پوری قوم اپنی مسلح افواج، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک غیر متزلزل عزم کے ساتھ اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔

Happy
Happy
0 %
Sad
Sad
0 %
Excited
Excited
0 %
Sleepy
Sleepy
0 %
Angry
Angry
0 %
Surprise
Surprise
0 %
پاکستان Previous post کراچی میں پاکستان رینجرز کے کیمپ پر حملہ ناکام، تین دہشت گرد ہلاک، ایک گرفتار، تین اہلکار شہید: آئی ایس پی آر