
صدر مملکت اور وزیراعظم کا کیپٹن محمد سرور شہید نشانِ حیدر کو 78ویں یومِ شہادت پر خراجِ عقیدت
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے پہلے نشانِ حیدر حاصل کرنے والے عظیم سپوت کیپٹن محمد سرور شہید کے 78ویں یومِ شہادت پر انہیں شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی بے مثال قربانی، جرات اور مادرِ وطن کے لیے لازوال خدمات کو سلام پیش کیا ہے۔
صدر مملکت اور وزیراعظم نے اپنے الگ الگ پیغامات میں کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید نے 27 جولائی 1948ء کو پہلی کشمیر جنگ کے دوران وطن اور کشمیر کی آزادی کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے فرض شناسی، بہادری اور حب الوطنی کی ایسی مثال قائم کی جو ہمیشہ قوم کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔
دونوں رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان کے پہلے نشانِ حیدر کا اعزاز حاصل کرنے والے کیپٹن محمد سرور شہید کی بے مثال قربانی اور قومی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کا نام ملکی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا گیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید کی کشمیر کی آزادی کے لیے دی گئی عظیم قربانی جرات، فرض شناسی اور وطن سے محبت کی لازوال علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت، شاندار عسکری حکمت عملی اور غیر معمولی بہادری سے ایسی روشن مثال قائم کی جسے آنے والی نسلیں ہمیشہ فخر اور احترام سے یاد رکھیں گی۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہداء قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں، جبکہ کیپٹن محمد سرور شہید جیسے بہادر سپاہی پاکستان کے ناقابلِ تسخیر دفاع کی ضمانت اور پوری قوم کا فخر ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید نے اپنی استقامت اور بے خوف قیادت سے ثابت کیا کہ وطن کے دفاع کے معاملے میں پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند متحد ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید کی حب الوطنی، احساسِ ذمہ داری اور میدانِ جنگ میں دی گئی لازوال قربانی آئندہ نسلوں کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ بنی رہے گی۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری قوم کیپٹن محمد سرور شہید سمیت پاکستان کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہداء پر فخر کرتی ہے اور ان کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے یاد رکھا جائے گا۔