
وزیراعظم شہباز شریف اور اعلیٰ سطحی وفد کی مکہ مکرمہ میں ادائیگیِ عمرہ، ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں
مکہ مکرمہ، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد کے ہمراہ مکہ مکرمہ میں عمرہ ادا کیا اور ملک کی ترقی، خوشحالی، سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف اور عطا اللہ تارڑ جبکہ وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔
وزیراعظم اور ان کے وفد کے لیے خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا۔ عمرہ کی ادائیگی کے بعد وزیراعظم، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفد کے دیگر ارکان نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی، ملک کی سلامتی و اتحاد، امت مسلمہ کے اتحاد و سلامتی اور خطے سمیت عالمی سطح پر امن و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی دعوت پر سعودی عرب کے تین روزہ دورے پر جمعرات کی شام جدہ پہنچے تھے۔
دورے کے دوران وزیراعظم سعودی قیادت سے ملاقات کریں گے جبکہ مدینہ منورہ میں روضۂ رسول ﷺ پر حاضری بھی دیں گے۔