
صدر مملکت کا پاکستان ملائیشیا قانون نافذ کرنے اور سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر زور
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان قانون نافذ کرنے، انسداد دہشت گردی، منشیات کی روک تھام، انسانی اسمگلنگ اور تارکین وطن کی غیر قانونی نقل و حمل کے خلاف تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔
صدر مملکت نے یہ بات ملائیشیا کے وزیر داخلہ سیف الدین نصرالدین بن اسماعیل سے ایوان صدر میں ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات سید محسن رضا نقوی بھی موجود تھے۔
صدر مملکت نے ملائیشین وزیر اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ملائیشیا کے ساتھ اپنے قریبی اور برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ مذہبی و ثقافتی اقدار، باہمی احترام اور مضبوط عوامی روابط پر استوار ہیں۔
آصف علی زرداری نے داخلی سلامتی، امیگریشن اور قانونی و عدالتی امور سمیت مختلف شعبوں میں ادارہ جاتی تعاون کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں کے درمیان مسلسل رابطہ کاری سے دونوں ممالک کے شہریوں کو سہولت فراہم کرنے اور باہمی دلچسپی کے امور کو مؤثر انداز میں حل کرنے میں مدد ملے گی۔
ملاقات کے دوران دوطرفہ تجارت میں اضافے سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔ صدر مملکت نے ملائیشیا میں پاکستانی مصنوعات کے لیے مزید وسیع مارکیٹ تک رسائی تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ چاول، آلو، گندم، پولٹری اور جانوروں کی خوراک سمیت پاکستانی مصنوعات کی ملائیشین مارکیٹ میں طلب موجود ہے، جس سے بھرپور فائدہ اٹھایا جانا چاہیے۔
ملائیشیا کے وزیر داخلہ نے بتایا کہ 2026ء پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 69ویں سالگرہ کا سال ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات ملائیشیا کی آزادی کے بعد 1957ء میں قائم ہوئے تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت پاکستان کے مختلف شہروں اور ملائیشیا کے درمیان ہفتہ وار 14 پروازیں چل رہی ہیں جبکہ فضائی رابطوں کی تعداد میں مزید اضافے کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔
صدر مملکت نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ملائیشین وزیر داخلہ کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو مزید مستحکم کرنے اور دیرینہ و کثیرالجہتی تعلقات کو مزید گہرا کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔
ملاقات میں پاکستان میں ملائیشیا کے ہائی کمشنر محمد اظہر مزلان، رائل ملائیشیا پولیس کے ڈائریکٹر اسپیشل برانچ ابراہیم داروس اور ملائیشین پریزن ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی کمشنر جنرل ری ہیبلیٹیشن حفیظ عثمان سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔