
پی آئی ایم ایس نرسری میں آتشزدگی، 14 نومولود جاں بحق؛ صدر اور وزیراعظم کا اظہارِ افسوس
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے المناک واقعے کے نتیجے میں 14 نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے الگ الگ بیانات میں صدر مملکت اور وزیراعظم نے جاں بحق ہونے والے معصوم بچوں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم جانوں کا ضیاع انتہائی دلخراش اور ناقابلِ تلافی سانحہ ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ نومولود بچوں کی ہلاکت انتہائی تکلیف دہ اور ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ واقعے کے ذمہ دار عناصر کی نشاندہی کرکے انہیں قانون کے مطابق جوابدہ ٹھہرایا جائے۔
صدر مملکت نے اسپتالوں میں مؤثر فائر سیفٹی اقدامات اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے مربوط حفاظتی طریقہ کار یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ مریضوں، بالخصوص نومولود بچوں، کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی المناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری تحقیقات کا حکم دیا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ واقعے کے تمام محرکات اور اسباب کی مکمل تحقیقات کی جائیں، ذمہ دار افراد کا تعین کیا جائے اور ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ بچوں سے متعلق اس نوعیت کا واقعہ ناقابلِ تلافی نقصان ہے، جس کے ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا ملنی چاہیے۔
صدر مملکت اور وزیراعظم نے جاں بحق ہونے والے معصوم بچوں کے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں اس ناقابلِ تلافی نقصان کو برداشت کرنے کی توفیق اور صبر عطا فرمائے۔