
یومِ فضائیہ: وزیراعظم شہباز شریف کا پاک فضائیہ کو خراجِ تحسین
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یومِ فضائیہ کے موقع پر پاک فضائیہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مئی 2025 میں پاک فضائیہ نے مسلح افواج کی دیگر سروسز کے ساتھ مثالی ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ معرکۂ حق کے دوران پاک فضائیہ نے جرأت مندانہ کارروائیوں اور غیرمعمولی جنگی مہارت کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران مختلف فضائی معرکوں میں اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور برتری ثابت کی ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاک فضائیہ ہمیشہ کی طرح مستقبل میں بھی ہر چیلنج کا مؤثر انداز میں سامنا کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہے گی۔
وزیراعظم نے پاک فضائیہ کے افسران، جوانوں اور ان کے خاندانوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور ملکی دفاع کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔
واضح رہے کہ 7 ستمبر کو 1965 کی جنگ کے دوران لڑے گئے تاریخی فضائی معرکے کی یاد میں ہر سال یومِ فضائیہ منایا جاتا ہے۔