
خاران اور واشک میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز، 11 دہشت گرد ہلاک
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں سیکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی سرپرستی یافتہ فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 11 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 6 اور 7 ستمبر کو دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر خاران اور واشک میں کارروائیاں کیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 6 ستمبر کو خاران میں دہشت گردوں نے سڑک بلاک کرکے ٹریفک کی روانی معطل کرنے کی کوشش کی، جس پر سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 8 بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد ہلاک کردیئے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 7 ستمبر کو واشک کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ایک اور انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی پناہ گاہ کو مؤثر انداز میں تباہ کردیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں مزید 3 دہشت گرد مارے گئے۔
شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق دونوں کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 2.9 ٹن دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا، جو دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) تیار کرنے میں استعمال کیا جارہا تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے اور علاقے کی مکمل کلیئرنس کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔