محسن نقوی

محسن نقوی کی ایرانی صدر کو پاک ایران کثیر الجہتی تعاون مزید بڑھانے کے عزم کی یقین دہانی

Read Time:1 Minute, 45 Second

تہران، یورپ ٹوڈے: پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران کے دورے کے دوران ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی اور صدر مسعود پزشکیان سے ملاقاتیں کیں، جن میں پاک ایران دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے محسن نقوی کے دورۂ تہران کو مفید قرار دیتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی علاقائی امن و استحکام کے لیے کوششوں پر بھی شکریہ ادا کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں وزرائے داخلہ نے پاک ایران دوطرفہ تعلقات اور خطے کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا، جبکہ دونوں ممالک کی وزارتِ داخلہ کے درمیان مختلف شعبوں میں جاری تعاون پر پیش رفت بھی زیرِ بحث آئی۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ تجارت، معیشت، سیاحت، سیاست، ثقافت اور سائنس سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آنے والے دنوں میں پاک ایران تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات میں بھی دوطرفہ تعاون کے فروغ پر گفتگو ہوئی۔ صدر پزشکیان نے کہا کہ ایران اور پاکستان اپنی داخلی اور علاقائی صلاحیتوں سے استفادہ کرتے ہوئے متعدد ضروریات پوری کر سکتے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مسلسل رابطوں کو مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم قرار دیا۔

ایرانی حکام کے مطابق حالیہ مہینوں میں پاکستان اور ایران کے تعلقات میں مختلف شعبوں میں پیش رفت ہوئی ہے۔ محسن نقوی کا دورہ بھی دونوں ممالک کے درمیان سابقہ مفاہمتوں اور اعلیٰ سطح پر کیے گئے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے تناظر میں ہوا۔

پاکستان خطے میں جاری کشیدگی کے دوران ایران سمیت مختلف فریقوں کے ساتھ رابطے برقرار رکھے ہوئے ہے۔ حالیہ سفارتی کوششوں میں علاقائی امن، استحکام اور تنازعات کے سفارتی حل کے امکانات پر بھی توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔

Happy
Happy
0 %
Sad
Sad
0 %
Excited
Excited
0 %
Sleepy
Sleepy
0 %
Angry
Angry
0 %
Surprise
Surprise
0 %
پاکستان Previous post روسی سفیر البرٹ پی خوروف کا پاکستان میں سفارتخانے پر ریاستی ڈوما انتخابات کی ووٹنگ سے متعلق اظہارِ خیال
تاجکستان Next post تاجکستان کے صدر امام علی رحمان نے سغد ریجن میں چھ صنعتی و سماجی منصوبوں کا افتتاح کیا