
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی و سرکاری خصوصی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا شرط ختم کرنے کا معاہدہ
نیویارک، یورپ ٹوڈے: پاکستان اور سعودی عرب نے سفارتی، سرکاری اور خصوصی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے لیے ویزا کی شرط ختم کرنے کے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔
یہ معاہدہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں طے پایا۔ پاکستان کی جانب سے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار جبکہ سعودی عرب کی جانب سے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے معاہدے پر دستخط کیے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط اور ادارہ جاتی تبادلوں کو مزید سہولت فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ اہم پیش رفت پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تمام باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دیرینہ اور برادرانہ تذویراتی شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوگی۔
معاہدے کے تحت سفارتی، سرکاری اور خصوصی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے لیے دونوں ممالک کے درمیان سفر کے حوالے سے ویزا تقاضوں میں سہولت پیدا ہوگی، جس سے سرکاری سطح پر رابطوں اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔