
صدر زرداری کی اسلام آباد سیف سٹی نگرانی کے نظام کے تحفظ کے لیے آرڈیننس کی منظوری
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے مشورے پر اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری کے سیف سٹی کیمروں اور نگرانی کے بنیادی ڈھانچے کے تحفظ اور انہیں پہنچنے والے نقصان کے ازالے کو یقینی بنانے کے لیے آرڈیننس کی منظوری دے دی ہے۔
صدر سیکرٹریٹ کے میڈیا ونگ کی جانب سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق آرڈیننس کا مقصد سیف سٹی کیمروں اور نگرانی کے نظام کو نقصان سے محفوظ رکھنا اور کسی بھی نقصان کی صورت میں اس کی لاگت وصول کرنے کا طریقہ کار وضع کرنا ہے۔
آرڈیننس کے تحت سیف سٹی کیمروں یا نگرانی کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچانے، نقصان پہنچانے پر اکسانے یا اس کی ترغیب دینے پر مالی جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔ ہر کیمرے یا نگرانی کے بنیادی ڈھانچے کے کسی حصے کو نقصان پہنچانے کی صورت میں زیادہ سے زیادہ 20 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔
آرڈیننس کے تحت ریلیوں، جلوسوں، دھرنوں، احتجاج، ہڑتالوں یا دیگر اجتماعات کے دوران سیف سٹی کے بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان کی ذمہ داری منتظمین پر بھی عائد کی جا سکے گی۔
جرمانے اور نقصان کی لاگت کا تعین مجاز افسر متعلقہ شخص کو مؤقف پیش کرنے کا موقع فراہم کرنے کے بعد کرے گا۔ متعلقہ شخص کو جرمانے یا نقصان کی لاگت کے تعین کے خلاف 30 روز کے اندر اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج کے سامنے اپیل کا حق حاصل ہوگا۔
جرمانہ یا نقصان کی رقم مقررہ مدت میں ادا نہ کیے جانے کی صورت میں اسے بقایاجاتِ مال کے طور پر وصول کیا جا سکے گا۔
آرڈیننس کے تحت جرمانوں اور نقصان کے ازالے کی مد میں وصول ہونے والی رقوم سیف سٹی کیمروں اور نگرانی کے بنیادی ڈھانچے کی مرمت اور تبدیلی پر خرچ کی جائیں گی۔