
پاکستان کا پہلا خلا باز 25 نومبر کو خلائی مشن پر روانہ ہوگا، 2035 تک چاند پر لینڈنگ کا ہدف مقرر: احسن اقبال
نارووال، یورپ ٹوڈے: وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کا پہلا خلا باز 25 نومبر کو چین کے خلائی مرکز سے خلائی مشن پر روانہ ہوگا، جبکہ پاکستان نے 2035 تک چاند پر لینڈنگ کا ہدف مقرر کیا ہے۔
وفاقی وزیر کے وژن کے تحت پاکستان کے خلائی تحقیقی ادارے سپارکو کے تعاون سے نارووال میں پہلی مرتبہ ورلڈ اسپیس ویک 2026 منایا گیا، جس کا مقصد نوجوان نسل میں خلائی علوم، سائنسی تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی سے متعلق شعور اجاگر کرنا تھا۔
ورلڈ اسپیس ویک کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ چین کے تعاون سے پاکستان خلائی تحقیق کے میدان میں نئی بلندیوں کو چھوئے گا۔ انہوں نے کہا کہ خلائی ٹیکنالوجی زراعت، مواصلات، موسمیاتی تبدیلی، تعلیم اور قومی سلامتی سمیت زندگی کے مختلف شعبوں میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، اور مستقبل کی ترقی، سائنسی دریافتوں اور انسانی علم کے فروغ کے لیے خلائی تحقیق ناگزیر ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ قرآن مجید انسان کو کائنات کی تخلیق پر غور و فکر کی دعوت دیتا ہے، لہٰذا نوجوانوں میں سائنسی تجسس، تحقیق اور حصولِ علم کا جذبہ پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں مسلمان سائنس دان فلکیات اور سائنسی تحقیق میں نمایاں مقام رکھتے تھے، اور پاکستان کو علم و تحقیق کے میدان میں اپنی قیادت دوبارہ حاصل کرنے کے لیے آگے بڑھنا ہوگا۔
احسن اقبال نے اسلام آباد سائنس فیسٹیول میں یونیورسٹی آف نارووال کی پہلی پوزیشن کو نوجوانوں کی صلاحیتوں کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے نوجوان علم اور تحقیق کے ذریعے نئی منزلیں طے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں مالی مشکلات کے باعث اعلیٰ تعلیم سے محروم رہ جانے والے طلبہ آج ملک بھر میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔
اس موقع پر وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ نوجوانوں میں خلائی علوم سے دلچسپی بڑھانے اور سائنسی شعور اجاگر کرنے کے لیے یونیورسٹی آف نارووال میں پاکستان کا پہلا اسپیس میوزیم قائم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت جدید ٹیکنالوجی اور ابھرتے ہوئے سائنسی شعبوں میں نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کر رہی ہے تاکہ پاکستان کے نوجوان اپنی صلاحیتوں اور علم کی طاقت سے ترقی کی نئی بلندیوں کی جانب پرواز کر سکیں۔