فخرزمان کا دورۂ آسٹریلیا میں انتخاب مشکوک، فٹنس مسائل رکاوٹ بن گئے
کراچی، یورپ ٹوڈے: پاکستان کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بیٹر فخرزمان کا دورۂ آسٹریلیا کے لیے انتخاب مشکل ہوتا نظر آ رہا ہے، کیونکہ گھٹنے کے مسائل کے باعث وہ فٹنس ٹیسٹ میں ناکام ہوچکے ہیں۔
فخرزمان کو پاکستان کے بہترین جارحانہ بیٹرز میں شمار کیا جاتا ہے، اور وہ ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے چند کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ تاہم، حالیہ دنوں میں ان کی صاف گوئی نے ان کے لیے مشکلات پیدا کر دی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دورۂ آسٹریلیا کے لیے فخرزمان کا اسکواڈ میں انتخاب مشکل ہوگا کیونکہ وہ فٹنس ٹیسٹ میں ناکام ہوچکے ہیں۔ فخر کو ویسٹ انڈیز سے واپسی پر 8 منٹ میں 2 کلومیٹر دوڑنے کا ٹاسک دیا گیا تھا، جو وہ مکمل نہ کر پائے۔
قریبی ذرائع کے مطابق، فخر کے گھٹنے میں مسائل ہیں، وہ میچ کھیلنے کے لیے فٹ ہیں اور ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی حصہ لے رہے ہیں، لیکن گھٹنے پر اضافی دباؤ ڈالنے سے وہ سنگین انجری کا شکار ہو سکتے ہیں۔ اگرچہ عاقب جاوید نے سلیکشن میں فٹنس کی سختی کو کم کر دیا ہے، لیکن کنڈیشننگ کیمپ میں این او سی کے حوالے سے فخرزمان کی صاف گوئی سے بورڈ کے کچھ اعلیٰ عہدیدار ناخوش ہیں۔
فخرزمان نے بابر اعظم کے حق میں اسکواڈ کے اعلان سے قبل ٹویٹ کی تھی، جس کے فوراً بعد بابر کو ڈراپ کرنے کا اعلان سامنے آیا۔ اس سے یہ تاثر ملا کہ فخر نے فیصلے پر تنقید کی ہے۔ فخر کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے پیر تک جواب دینے کا کہا گیا ہے۔
کچھ سابق کرکٹرز نے فخرزمان کو وائٹ بال ٹیم کی قیادت سونپنے کی تجویز دی تھی، لیکن اب ان کی ٹیم میں جگہ بھی یقینی نہیں رہی۔ جمعرات کی شب ہونے والی میٹنگ میں سلمان علی آغا وائٹ بال کپتانی کے لیے فیورٹ تھے، لیکن اب محمد رضوان دوبارہ اس دوڑ میں سب سے آگے نظر آتے ہیں۔