نیوزی لینڈ کے چیڈ بوس نے تیز ترین ڈبل سنچری کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا
ویلنگٹن، یورپ ٹوڈے: نیوزی لینڈ کے بیٹر چیڈ بوس نے ڈومیسٹک کرکٹ کی ون ڈے ٹرافی میں تیز ترین ڈبل سنچری کا ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ انہوں نے کنٹری بری کی جانب سے کھیلتے ہوئے 103 گیندوں پر یہ شاندار کارنامہ سرانجام دیا۔
چیڈ بوس نے اس ریکارڈ کے ذریعے آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ اور بھارت کے نرائن جگادیسن کا 114 گیندوں پر ڈبل سنچری بنانے کا ریکارڈ توڑ دیا۔
فورڈ ٹرافی کا یہ میچ کنٹری بری اور اوٹاگو وولٹس کے درمیان ہیگلے اوول میں کھیلا گیا، جس میں کنٹری بری نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 9 وکٹوں پر 343 رنز بنائے۔ چیڈ بوس نے اپنی 205 رنز کی شاندار اننگز میں 7 چھکے اور 27 چوکے لگائے۔
چیڈ بوس نے بین الاقوامی سطح پر نیوزی لینڈ کی جانب سے 6 ون ڈے اور 11 ٹی ٹوئنٹی میچز میں شرکت کی ہے اور لسٹ اے میں 99 میچز کھیل چکے ہیں۔
کنٹری بری نے اوٹاگو کو صرف 103 رنز پر آل آؤٹ کر دیا اور میچ 240 رنز سے اپنے نام کر لیا۔