پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کا بابراعظم پر اعتماد: “جلد فارم میں واپس آئیں گے”
لاہور، یورپ ٹوڈے: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کا کہنا ہے کہ انہیں مکمل بھروسہ ہے کہ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم جلد اپنی بہترین فارم میں واپس آئیں گے اور ٹیم کو میچز جتوائیں گے۔
غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے جیسن گلیسپی نے کہا کہ بابراعظم ایک بہترین کھلاڑی ہیں اور ہر بڑے کھلاڑی پر خراب وقت آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بابراعظم کی صلاحیتوں پر انہیں مکمل یقین ہے اور وہ جلد ہی اپنے مداحوں کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔
شان مسعود کے حوالے سے بات کرتے ہوئے گلیسپی نے کہا کہ انہیں آسٹریلیا کے مشکل دورے میں کپتانی دی گئی، اور وہ اپنے کھلاڑیوں کے ساتھ بہترین انداز میں رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ ماضی کے تجربات سے مختلف ہے اور وہ روزانہ اس ماحول کو سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
گلیسپی نے مزید کہا کہ جب انہیں کوچنگ کی آفر ہوئی تو انہیں بتایا گیا کہ پاکستان کے لیے طویل مدتی منصوبے ہیں اور وہ ان منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کی پوری کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ میں جب ٹیم اچھی کارکردگی نہ دکھائے تو سابق کھلاڑی اور میڈیا کی تنقید کا سامنا ہوتا ہے، لیکن جب سابق کھلاڑیوں سے حوصلہ افزا الفاظ سننے کو ملیں تو اس سے ٹیم کا حوصلہ بڑھتا ہے۔