سعودی عرب

سعودی عرب کا پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھا کر 2.8 ارب ڈالر کرنے کا اعلان، وزیرِ اعظم شہباز شریف کا شکریہ

ریاض، ، یورپ ٹوڈے: سعودی عرب نے پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کو 2.2 ارب ڈالر سے بڑھا کر 2.8 ارب ڈالر کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، جس میں سعودی عرب کی مزید 600 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری بھی شامل ہوگئی ہے۔ اس فیصلے کے بعد سعودی سرمایہ کاری کا مجموعی حجم 2.8 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

سعودی دارالحکومت ریاض میں وزیرِاعظم محمد شہباز شریف اور سعودی وزیرِ سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر وفاقی وزرا خواجہ آصف، اسحاق ڈار، عطا تارڑ، جام کمال خان اور وزارت خارجہ کے حکام بھی موجود تھے۔

سعودی وزیرِ سرمایہ کاری نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کے ساتھ 27 مفاہمتی یادداشتوں پر 2.2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر اتفاق ہوا تھا، اور ہم نے کہا تھا کہ یہ صرف آغاز ہے۔ اب اس سرمایہ کاری کو بڑھا کر 2.8 ارب ڈالر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کی جانب سے مزید سرمایہ کاری کے اعلان پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سعودی عرب نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے معاہدوں پر فوری عملدرآمد شروع کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ ہونے والی ملاقات انتہائی نتیجہ خیز رہی اور مالی معاملات میں تعاون پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ سعودی ولی عہد کا فیوچر انویسٹمنٹ اینی شیٹو ایک ویژنری منصوبہ ہے، اور پاکستان اور سعودی عرب مل کر خوشحالی و ترقی کے مشترکہ اہداف حاصل کریں گے۔

واضح رہے کہ سعودی سرمایہ کاری وفد کے اکتوبر 2024 میں دورہ پاکستان کے دوران 2.2 ارب ڈالر کی 27 مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے گئے تھے، جن کی تعداد اب 34 ہوگئی ہے۔

صدر شی جن پنگ کی پارٹی اسکول کے مطالعہ سیشن میں اصلاحات کو مستحکم انداز میں آگے بڑھانے پر زور Previous post صدر شی جن پنگ کا پارٹی اسکول کے مطالعہ سیشن میں اصلاحات کو مستحکم انداز میں آگے بڑھانے پر زور
شہباز شریف Next post وزیراعظم شہباز شریف کی ویتنامی ہم منصب سے ملاقات، تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات کے فروغ پر اتفاق