کراچی میں دفاعی نمائش “آئیڈیاز 2024” کا آغاز، 55 ممالک کے 330 سے زائد وفود مدعو
کراچی، یورپ ٹوڈے: پاکستان میں دفاعی مصنوعات کی نمائش کے لیے منعقد ہونے والی “آئیڈیاز 2024” کی بارہویں ایڈیشن میں دنیا بھر سے 55 ممالک کے 330 سے زائد وفود کو مدعو کیا گیا ہے۔ یہ نمائش کراچی ایکسپو سینٹر میں 19 سے 22 نومبر تک جاری رہے گی۔
دفاعی نمائش کے حوالے سے ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن ڈیپو بریگیڈیئر علی عادل اور ڈائریکٹر میڈیا ڈیپو کموڈور اعتزاز خالد نے میڈیا کو بریفنگ دی۔ کموڈور اعتزاز خالد نے اس موقع پر بتایا کہ اس نمائش میں پاکستان میں تیار کردہ دفاعی مصنوعات کو پیش کیا جائے گا، اور یہ ایک اہم موقع ہے جس کے ذریعے ملک میں تیار ہونے والی دفاعی ٹیکنالوجی کو عالمی سطح پر متعارف کرایا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آئیڈیاز 2024 میں 55 ممالک کے 330 سے زائد وفود شرکت کریں گے اور وزیرِ اعظم پاکستان اس نمائش کی افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی ہوں گے۔
دوسری جانب، کراچی پولیس کے ڈی آئی جی ٹریفک نے نمائش کے دوران ٹریفک کے انتظام کے لیے خصوصی پلان ترتیب دیا ہے۔ سر شاہ سلیمان روڈ حسن اسکوائر سے اسٹیدیم تک صبح 7 سے شام 7 بجے تک بند رہے گا، تاہم شام 7 بجے کے بعد روڈ کو کھول دیا جائے گا۔
آئیڈیاز 2024 کی 4 روزہ نمائش میں مختلف سرگرمیاں شامل ہوں گی جن میں افتتاحی تقریب، دفاعی صنعتوں پر سیمینارز اور میٹنگز منعقد کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ، کراچی کے سی ویو پر “نشانِ پاکستان” شو کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔
نمائش میں دنیا بھر سے نمائش کنندگان اپنی جدید دفاعی مصنوعات اور ساز و سامان کی نمائش کریں گے، جو عالمی سطح پر پاکستان کی دفاعی صنعت کی ترقی اور جدت کو اجاگر کرے گا۔