امریکی صدر کے غزہ سے متعلق بیان پر پاکستان کا ردِعمل

امریکی صدر کے غزہ سے متعلق بیان پر پاکستان کا ردِعمل

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ سے متعلق بیان پر پاکستان کی جانب سے شدید ردِعمل سامنے آیا ہے۔ ترجمان دفترِ خارجہ شفقت علی خان نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران صحافیوں کے سوالات کے جواب میں پاکستان کی واضح پالیسی کا اعادہ کیا۔

ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ پاکستان فلسطین اور فلسطینی عوام کے کاز کی ہمیشہ حمایت کرتا آیا ہے، اور اس کی پوزیشن اس حوالے سے واضح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا ہے اور اسرائیل کی جانب سے غزہ میں کیے جانے والے مظالم کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔

شفقت علی خان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کو جنگی جرائم پر جواب دہ ٹھہرائے اور فلسطینی عوام پر ہونے والے ظلم و ستم کا فوری نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینیوں کی خواہش کے مطابق دو ریاستی حل کا حامی ہے اور فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔

ترجمان دفترِ خارجہ نے مزید کہا کہ غزہ کے عوام کی منتقلی کے حوالے سے کوئی بھی تجویز غیر منصفانہ، تکلیف دہ اور انتہائی تشویش ناک ہے۔ پاکستان اس مؤقف پر قائم ہے کہ فلسطین فلسطینی عوام کا ہے اور ان کی مرضی کے مطابق اس مسئلے کا حل نکالا جانا چاہیے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اپنی ہر بریفنگ میں فلسطین کے مسئلے پر بات کرتا ہے اور ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

کینیڈا Previous post کینیڈا کا فلسطین پر مؤقف برقرار، دو ریاستی حل کی حمایت کا اعادہ
پاکستان نے 20 سال میں 48 ملین افراد کو غربت سے نکالا، موسمیاتی تبدیلی بڑا چیلنج قرار Next post پاکستان نے 20 سال میں 48 ملین افراد کو غربت سے نکالا، موسمیاتی تبدیلی بڑا چیلنج قرار