معاصر نظم گو شعرا کی نظموں پر مبنی ،ممتاز مصور وصی حیدر کے فن پاروں کی نمائش

معاصر نظم گو شعرا کی نظموں پر مبنی ،ممتاز مصور وصی حیدر کے فن پاروں کی نمائش

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: کٹاس راج آرٹ گیلری اور اکادمی ادبیات پاکستان کے اشتراک سے ممتاز مصور وصی حیدر کی راولپنڈی اسلام آباد کے معاصر نظم گو شعرا کی نظموں پر بنائے گئے فن پاروں کی نمائش اکادمی ادبیات پاکستان کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوئی۔ نمائش کا افتتاح ممتاز شاعرہ و ادیبہ اور صدر نشین اکادمی ادبیات پاکستان ڈاکٹر نجیبہ عارف نے کیا۔اس موقع پر راولپنڈی اسلام آباد کے اکیس معاصر نظم گو شعرا کی نظموں پر مبنی فن پارے نمائش کے لیے رکھے گئے۔

وصی حیدر نے ان فن پاروں کے ذریعے چغتائی اور صادقین کی روایت کو آگے بڑھایا ہے،ڈاکٹر نجیبہ عارف

مہمان خصوصی ڈاکٹرنجیبہ عارف نےکہا کہ تمام فنون لطیفہ کا تخلیقی سر چشمہ انسانی وجود ہوتا ہے یہ تخلیق کار پر منحصر ہوتا ہے کہ وہ اس کے اظہار کےلیے کون سا ذریعہ استعمال کرتا ہے۔ وصی حیدر کے تخلیقی وفور نے اس کےلیے رنگوں کو چنا ہے۔انھوں نے کہا کہ وصی حیدر نے معاصر شاعری کو مصوری میں ڈھال کر چغتائی اور صادقین کی روایت کو آگے بڑھایا ہے۔

ممتاز شاعروحید احمد نے کہا کہ وصی حیدر کے ہاں جو تنوع ملتا ہے وہ موجودہ عہدکے کم کم مصوروںکے ہاں دیکھنے میں آیا ہے ۔انھوں نے کہا کہ شاعری کو مصوری میں ڈھالنا ایک مشکل کام ہے لیکن یہ مشکل کام اب وصی حیدر کی پہچان بنتا جا رہا ہے ۔ اس سے قبل وہ احمد فراز اور دیگر شعرا کے اشعار کو بھی مصوری میں ڈھال چکے ہیں۔

نمائش میں راولپنڈی اسلام آباد اور گرد نواح کے شاعروں ، ادبیوں ، مصوری اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنےوالے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اور ان کے فن پاروں کو سراہا۔ واضح رہے کہ وصی حیدر اس سے قبل اختر رضا سلیمی کے ناول ، جاگے ہیں خواب میں، کے سر ورق کے طور پر ایک ہزار ایک فن پارے تخلیق کر چکے ہیں ، جو دنیا میں اپنی نوعیت کا واحد کام ہے۔دنیا میں کوئی دوسری کتاب ایسی نہیں جس کے اتنی تعداد میں الگ الگ سر ورق بنائے گئے ہوں۔

چین نے شور کی آلودگی پر قابو پانے کے لیے 2,132 'خاموش کمیونٹیز' کی تعمیر مکمل کر لی Previous post چین نے شور کی آلودگی پر قابو پانے کے لیے 2,132 ‘خاموش کمیونٹیز’ کی تعمیر مکمل کر لی
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اسٹرٹیجک تعاون بڑھانے کے لیے متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط Next post پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اسٹرٹیجک تعاون بڑھانے کے لیے متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط