
بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا کا ارشد ندیم کے تحفے پر ردعمل
نئی دہلی:خبر رساں ادارے این ایچ سی کے مطابق بھارتی جیولین تھرور اور ارشد ندیم کے دوست نیرج چوپڑا نے ارشد ندیم کے سُسر کی جانب سے تحفے میں بھینس ملنے پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیرج چوپڑا نے کہا کہ “ایسے تحائف ملنا میرے لیے کوئی نئی بات نہیں ہے۔ مجھے ایک بار دیسی گھی تحفے میں ملا تھا، اور ہریانہ میں ایتھلیٹس کو اس طرح کے تحائف ملتے ہیں، جیسے کبھی 10 یا 50 کلو دیسی گھی اور لڈو وغیرہ۔”
نیرج نے مزید کہا کہ “میرے لیے مقابلوں سے قبل یہ اعلانات بھی کیے جاتے رہے ہیں کہ اگر میں مقابلہ جیتوں گا تو مجھے 50 کلو گھی تحفے میں دیا جائے گا۔ میں بچپن سے ہی ایسی باتیں سنتا آیا ہوں۔”
انہوں نے اپنی گفتگو میں مزید بتایا کہ جہاں ان کی پرورش ہوئی ہے، وہاں کبڈی اور ریسلنگ جیسے کھیل بہت مقبول ہیں اور ہمارے یہاں گھی کو تحفے میں دینے کی روایت ہے کیونکہ لوگوں کا ماننا ہے کہ یہ طاقت بڑھاتا ہے۔
نیرج چوپڑا نے کہا کہ “ہمارے یہاں بھینسیں بھی تحفے میں دی جاتی ہیں۔ پہلوانوں اور کبڈی کے کھلاڑیوں کو بُلِٹ موٹر سائیکل یا ٹریکٹر بھی تحفے میں دیے جاتے ہیں۔”
نیرج چوپڑا کے اس بیان نے تحائف کی روایت کے پیچھے چھپی ثقافتی اہمیت کو اجاگر کیا ہے، جسے بھارت کے دیہی علاقوں میں خاص طور پر سراہا جاتا ہے۔