بہروز سبزواری

پاکستان کے نامور اداکار بہروز سبزواری نے طلاقوں کا ذمے دار لڑکیوں کو قرار دے دیا

کراچی، یورپ ٹوڈے: پاکستان کے معروف اداکار بہروز سبزواری نے نجی چینل کے مارننگ شو میں موجودہ دور میں طلاق کی بڑھتی ہوئی شرح پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کی بنیادی وجہ لڑکیوں کو حد سے زیادہ لاڈ پیار دینا ہے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ وہ ایسی شادیوں میں شرکت کر چکے ہیں جہاں 20 کروڑ روپے تک خرچ کیے گئے، لیکن وہ شادیاں چند دن یا چند مہینوں میں ہی اختتام پذیر ہو گئیں۔

بہروز سبزواری نے مزید کہا کہ آج کل شادیوں کے معاملات بدل چکے ہیں، والدین اپنی بیٹیوں کو غیر معمولی لاڈ و پیار دیتے ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ شادی کے بعد بھی ان کی زندگی شاہانہ ہوگی۔ ان کے مطابق، “جب والدین اپنی بیٹیوں سے کہتے ہیں کہ فکر نہ کرو، تمہیں رانیوں کی طرح رکھا جائے گا، تو اس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ لڑکیاں خود کو ملکہ سمجھنے لگتی ہیں اور ہر فیصلہ خود کرنے کی خواہش رکھتی ہیں۔”

انہوں نے کہا کہ چاہے شوہر جتنا بھی ماڈرن ہو، وہ اپنے والدین کا بیٹا ہی رہتا ہے، اس لیے ازدواجی تعلقات میں توازن کا فقدان پیدا ہو جاتا ہے۔ بہروز سبزواری کے مطابق، لڑکیوں کے والدین اور خود لڑکیاں اس بڑھتی ہوئی طلاق کی بڑی وجہ ہیں۔

اپنے بیٹے شہروز سبزواری کی تعریف کرتے ہوئے بہروز سبزواری نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ ہر کسی کو ایسا شوہر، باپ اور بیٹا عطا کرے۔ انہوں نے اس کی اچھی تربیت اور خاندان کے ساتھ ہم آہنگی کا سہرا اپنی اہلیہ کے سر باندھتے ہوئے کہا کہ ان کی بہو، صدف کنول، ایک بہترین لڑکی ہے، جس نے پورے خاندان کو جوڑ کر رکھا ہوا ہے۔

اداکار کی اہلیہ، سفینہ بہروز، نے اس موقع پر سادہ نکاح کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شادیوں کو فضول خرچی سے بچانا چاہیے تاکہ ازدواجی زندگی میں استحکام قائم رہے۔

چین کا منصفانہ عالمی طرز حکمرانی کے قیام اور مشترکہ مستقبل کی تعمیر پر زور Previous post چین کا منصفانہ عالمی طرز حکمرانی کے قیام اور مشترکہ مستقبل کی تعمیر پر زور
پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان 2 ارب ڈالر کے معاہدوں کی جلد تکمیل کا اعلان Next post پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان 2 ارب ڈالر کے معاہدوں کی جلد تکمیل کا اعلان