
وزیر اعظم پاکستان کا رمضان المبارک میں گیس کی فراہمی کے مسائل پر فوری اقدامات کا حکم
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے رمضان المبارک کے دوران سحر و افطار میں گیس کی فراہمی میں مشکلات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعظم نے اس حوالے سے رات گئے ہنگامی اجلاس منعقد کیا، جس میں سوئی سدرن اور سوئی ناردرن گیس کمپنیوں کے منیجنگ ڈائریکٹرز اور سینئر انتظامیہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں سحر و افطار کے دوران گیس کی قلت کے مسئلے پر تفصیلی غور کیا گیا اور فوری حل کے لیے احکامات جاری کیے گئے۔
وزیر اعظم کی ہدایت پر سوئی سدرن گیس کمپنی نے گیس پریشر میں فوری طور پر 10 فیصد اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مزید برآں، ان علاقوں میں جہاں گیس کے دباؤ میں کمی کے مسائل ہیں، وہاں سحری اور افطار کے اوقات سے 30 سے 45 منٹ قبل گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی تاکہ پریشر میں بہتری لائی جا سکے۔
گیس کی مؤثر تقسیم اور نگرانی کے لیے سوئی سدرن گیس کمپنی نے اپنے ہیڈ آفس اور تمام ریجنل دفاتر میں کنٹرول رومز قائم کرنے کا اعلان بھی کیا ہے، جو روزانہ کی بنیاد پر گیس کی فراہمی کی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔
کمپنی کے ترجمان نے کہا کہ شہریوں کی شکایات کو ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور اس سلسلے میں روزانہ کی رپورٹ پیش کی جائے گی۔ دوسری جانب، ترجمان سوئی ناردرن گیس نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا، اور سحر و افطار کے اوقات میں گیس کی فراہمی برقرار رکھی جائے گی۔ شہری کسی بھی شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن 1199 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔