ٹریننگ

وزیراعظم شہباز شریف کی آئی ٹی ٹریننگ منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد کی ہدایت

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہواوے (Huawei) ٹیکنالوجیز کے ساتھ آئی سی ٹی ٹریننگ کے منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے اس پروگرام کو ملک بھر میں وسعت دینے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے آئی سی ٹی ٹریننگ پورٹل کو زیادہ سے زیادہ افراد تک پہنچانے اور اسے تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر و گلگت بلتستان تک پھیلانے پر زور دیا۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پاکستان کے تین لاکھ نوجوانوں کو آئی سی ٹی ٹریننگ فراہم کرنے کے منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ہواوے ٹیکنالوجیز کے وفد نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے اور عالمی معیار کی آئی ٹی تربیت فراہم کرنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران چین میں ہواوے کے ساتھ کیے گئے معاہدوں پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل انقلاب میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ہے، اور حکومت انہیں جدید مہارتوں سے لیس کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہواوے کے آئی سی ٹی ٹریننگ پروگرام سے آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہوگا اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

ہواوے ٹیکنالوجیز کے نمائندوں نے پاکستان میں جدید تربیتی پروگرامز کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور بتایا کہ اس اقدام کے تحت نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت (AI)، سائبر سیکیورٹی، کلاؤڈ کمپیوٹنگ اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز میں مہارت فراہم کی جائے گی۔

وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ 3 لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو آن لائن تربیت دی جائے گی، جس کے لیے آئی سی ٹی ٹریننگ پورٹل کا باقاعدہ افتتاح وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔ ہواوے کی جانب سے اب تک 20 ہزار 315 طلبہ کو تربیت فراہم کی جا چکی ہے۔

اس پروگرام کے تحت اسٹوڈنٹس، ٹرینرز اور آئی سی ٹی ٹیکنالوجیز سے وابستہ افراد کی مہارت میں اضافہ کیا جا رہا ہے، جبکہ ہواوے کے تربیت یافتہ ماسٹر ٹرینرز مقامی سطح پر مزید نوجوانوں کو تربیت فراہم کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے منصوبے پر تیزی سے عمل درآمد یقینی بنانے اور اس کے دائرہ کار کو پورے ملک میں وسعت دینے کی ہدایت کی تاکہ پاکستان کے نوجوان جدید ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کر کے عالمی معیار کے مطابق اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں۔

79 Previous post چین میں اوسط متوقع عمر 79 سال تک پہنچ گئی
ازبکستان Next post ازبکستان اور ایران کے درمیان تعاون کے فروغ کے لیے اہم ملاقات