بھارت اقلیتوں کے حقوق کا چیمپئن بننے کی پوزیشن میں نہیں، دفتر خارجہ

بھارت اقلیتوں کے حقوق کا چیمپئن بننے کی پوزیشن میں نہیں، دفتر خارجہ

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے کہا ہے کہ بھارت اقلیتوں کے حقوق کا چیمپئن بننے کی پوزیشن میں نہیں کیونکہ وہ خود مسلسل اقلیتوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔

دفتر خارجہ میں بریفنگ کے دوران ترجمان نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کے خلاف نفرت اور تشدد کو فروغ دیا جا رہا ہے، جبکہ ان مظالم میں حکومتی عناصر کی ملی بھگت بھی شامل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں ریاستی جبر کے واضح شواہد موجود ہیں، اور اقلیتوں کے بنیادی حقوق کو دبایا جا رہا ہے۔

شفقت علی خان نے مزید کہا کہ بھارتی شہریت ترمیمی قانون اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک کی کھلی مثال ہے اور بھارتی حکومت کو دوسروں پر تنقید کرنے کے بجائے اپنے ملک میں اقلیتوں کی حالت زار پر توجہ دینی چاہیے۔

ترجمان نے کہا کہ بابری مسجد کی شہادت اور اس کی جگہ مندر کی تعمیر اقلیتوں کے حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، جبکہ بھارت میں مساجد اور درگاہوں پر حملے معمول بن چکے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت مسلمانوں سمیت تمام اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنائے۔

شفقت علی خان نے واضح کیا کہ پاکستان میں ریاستی ادارے اقلیتوں کے حقوق اور تحفظ کو یقینی بناتے ہیں اور تمام مذاہب کے افراد کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔

قازق اور ازبک صدور کا الماتی میں ماؤنٹین اسکی کلسٹر کا دورہ Previous post قازق اور ازبک صدور کا الماتی میں ماؤنٹین اسکی کلسٹر کا دورہ
وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز کا زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم Next post وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز کا زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم