مریم اورنگزیب

وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر مریم اورنگزیب کا عام شہری بن کر اسپتالوں کا خفیہ دورہ

لاہور، یورپ ٹوڈے: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے عام شہری کا بھیس بدل کر جناح اسپتال اور لاہور چلڈرن اسپتال کا دورہ کیا اور طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

خفیہ معائنہ اور مریضوں سے گفتگو

رپورٹ کے مطابق، مریم اورنگزیب نے ہسپتال کے مختلف کاونٹرز پر جا کر عام شہریوں کی طرح وارڈز کا معائنہ کیا، ادویات کی مفت فراہمی، صفائی ستھرائی اور طبی عملے کی موجودگی کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے زیر علاج مریضوں کے لواحقین سے دوائیوں کی دستیابی اور علاج معالجے کے حوالے سے سوالات بھی کیے۔

حالات میں نمایاں بہتری

مریضوں کے لواحقین نے اعتراف کیا کہ جناح اسپتال اور لاہور چلڈرن اسپتال میں علاج و معالجہ، صفائی اور مفت ادویات کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ تمام ادویات ہسپتال کی فارمیسی کے اندر سے فراہم کی جا رہی تھیں اور اسپتال انتظامیہ کی جانب سے باقاعدہ اعلانات کے ذریعے مریضوں کو آگاہ کیا جا رہا تھا کہ ایمرجنسی اور دیگر وارڈز میں داخل مریض ہسپتال سے ہی ادویات حاصل کریں۔

مزید برآں، ہسپتال میں کسی بھی شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن کا اعلان بھی کیا گیا تھا تاکہ مفت دوائیوں کی عدم دستیابی پر فوری کارروائی کی جا سکے۔

ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم کا نفاذ

اسپتال کے ریسپشن پر لگی اسکرینز پر زیر علاج مریضوں اور ان کی تعداد کو ظاہر کیا جا رہا تھا، جبکہ فارمیسی کے باہر سٹاک میں موجود ادویات کی تفصیل بھی ڈیجیٹل اسکرین پر عوام کے لیے جاری کی جا رہی تھی۔

صفائی اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات

اسپتالوں میں صفائی کے سخت انتظامات دیکھنے میں آئے، عملہ پوری طرح متحرک نظر آیا اور ہر وارڈ کے باہر گارڈز تعینات تھے۔ مریم اورنگزیب نے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی موجودگی اور خدمات کا بھی جائزہ لیا۔

وزیر اعلیٰ کے اقدامات کے مثبت اثرات

بعد ازاں، مریم اورنگزیب ایم ایس آفس بھی گئیں اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے ایم ایس سمیت تمام ڈاکٹروں اور عملے کی کارکردگی کو سراہا۔ یاد رہے کہ 24 مارچ کو مریم نواز نے جناح اسپتال کا اچانک دورہ کر کے بدانتظامی پر ایم ایس کو معطل کر دیا تھا۔

وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر اسپتالوں میں مفت ادویات کی عدم فراہمی اور مریضوں کو باہر سے مہنگی ادویات خریدنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے اسپتالوں کی تمام فارمیسیز کے باہر ڈیجیٹل اسکرینیں لگانے، اسٹاک کی تفصیل عوام کو دکھانے، مفت دوائی کی فراہمی کے اعلانات کرنے اور ریسیپشن پر مریضوں کے علاج اور تعداد کی تفصیلات دکھانے کے احکامات دیے تھے۔

چھ دن میں نمایاں تبدیلی

وزیر اعلیٰ کے اقدامات کے بعد صرف چھ دن میں ان ہسپتالوں میں نمایاں بہتری دیکھنے کو ملی، جسے عوام نے بھی سراہا۔

روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کی یوکرین میں اقوام متحدہ کی زیر نگرانی عارضی بین الاقوامی انتظامیہ کے قیام کی تجویز Previous post روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کی یوکرین میں اقوام متحدہ کی زیر نگرانی عارضی بین الاقوامی انتظامیہ کے قیام کی تجویز
مریم نواز Next post وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا چاند رات اور عید الفطر پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کا حکم