
امریکا کا افغان پاسپورٹ پر سفر کرنے والوں کے لیے ویزوں کا اجرا معطل، اسائلم درخواستوں پر فیصلے بھی روک دیے گئے
واشنگٹن، یورپ ٹوڈے: محکمۂ خارجہ کے اعلان کے بعد یو ایس سٹیزن شپ اینڈ امیگریشن سروسز (USCIS) نے بھی اپنے فیصلے جاری کرتے ہوئے افغان پاسپورٹ پر سفر کرنے والے تمام افراد کے لیے ویزوں کا اجرا فوری طور پر روک دیا ہے۔ اس کے ساتھ پناہ کے خواہشمند افراد کی اسائلم درخواستوں پر فیصلے بھی عارضی طور پر معطل کر دیے گئے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی محکمۂ خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام قومی سلامتی اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے، لہٰذا متعلقہ درخواستوں کی کارروائی اس وقت تک آگے نہیں بڑھائی جائے گی جب تک تمام اسکریننگ اور سیکیورٹی جانچ مکمل نہیں ہوجاتی۔
USCIS کے ڈائریکٹر جوزیف ایڈلو نے واضح کیا ہے کہ جب تک ادارہ تصدیق اور مکمل اطمینان حاصل نہیں کر لیتا، کسی بھی درخواست پر کوئی عملی کارروائی نہیں ہوگی۔
اس اقدام کے پس منظر میں یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ تیسرے دنیا کے ممالک سے ہجرت کو مستقل طور پر روکنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ صدر نے یہ بھی کہا کہ ایسے افراد کی شہریت منسوخ کی جاسکتی ہے جو ملک کے اندرونی امن و امان کے لیے خطرہ ثابت ہوں۔