دنیا تیز ترین تبدیلیوں سے گزر رہی ہے، ڈیجیٹل انقلاب میں ڈیٹا کلیدی حیثیت رکھتا ہے، احسن اقبال
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ دنیا انسانی تاریخ کی تیز ترین تبدیلیوں سے گزر رہی ہے اور ڈیجیٹل انقلاب نے دنیا کو بدل کر رکھ دیا ہے، جس میں ترقی کا ایندھن ڈیٹا ہے۔
ڈیٹا فیسٹ 2024ء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ہم وہ نسل ہیں جس نے تختی سے لے کر فائیو جی تک کا سفر دیکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان 2024ء میں اپنے مستقبل کی سمت کا تعین کر رہا ہے اور اس مقصد کے لیے قابلِ بھروسہ اور درست ڈیٹا کی اشد ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ملک میں مہنگائی تیزی سے نیچے آ رہی ہے اور معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے ایس سی او کانفرنس کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تاثر پیش کرنے پر بھی زور دیا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جدید دور کے تقاضوں کے ساتھ ہم آہنگ ہونے کے لیے ہمیں خود کو مسلسل بدلنا ہو گا اور ڈیجیٹل ترقی کے اس سفر میں ڈیٹا کو بہترین طریقے سے استعمال میں لانا ہو گا۔