
امریکی دباؤ کے باعث ایران گیس پائپ لائن معاہدہ مکمل نہیں ہو پا رہا: وزیر دفاع خواجہ آصف
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیر دفاع خواجہ آصف نے اعتراف کیا ہے کہ امریکی دباؤ کے باعث پاک ایران گیس پائپ لائن معاہدہ مکمل نہیں ہو پا رہا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن معاہدہ پاکستان کی بقا کا معاملہ ہے، لیکن موجودہ مالی حالات میں 18 ارب ڈالر کی ادائیگی ممکن نہیں، بلکہ 18 ملین ڈالر بھی دینا مشکل ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ امریکی دباؤ کے باعث پاکستان اس معاہدے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے سے قاصر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امریکا سے سفارتی کوششیں کی جائیں تاکہ وہ پاکستان کو اس معاہدے کو مکمل کرنے کی اجازت دے۔
مزید برآں، وزیر دفاع نے کہا کہ رواں ماہ وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ امریکا متوقع ہے اور انہیں اس اہم مسئلے کو امریکی حکام کے سامنے ضرور اٹھانا چاہیے۔