وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ’’اپنی چھت اپنا گھر پروگرام‘‘ کے لیے 62 ارب روپے کی منظوری دے دی
لاہور، یورپ ٹوڈے: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ’’اپنی چھت اپنا گھر پروگرام‘‘ کے لیے 62 ارب روپے کی منظوری دے دی ہے۔
وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس میں پروگرام سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔ مریم نواز نے مئی تک 40 ہزار افراد کو قرض دینے کا ہدف مقرر کر دیا۔ انہوں نے قرض دینے کے عمل کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور قرض کی رقم کو 15 سے 20 لاکھ روپے تک بڑھانے کی تجویز کا بھی جائزہ لینے کا حکم دیا۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ پنجاب بھر میں تقریباً پانچ ہزار افراد اس پروگرام کے تحت قرض حاصل کر چکے ہیں، جبکہ 4200 سے زائد مکانات تیزی سے تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ روڈا اور ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ کے اشتراک سے نادار خاندانوں کو بنے بنائے گھر فراہم کیے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ ہر بے گھر شخص کے پاس اپنی چھت ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنا گھر ہر شہری کا بنیادی حق ہے، اور حکومت اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے پرعزم ہے۔