طفیل محمد

میجر طفیل محمد شہید نشانِ حیدر کی 67ویں برسی پر پاک افواج کا زبردست خراجِ عقیدت

راولپنڈی، یورپ ٹوڈے: چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نشانِ امتیاز (ملٹری)، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نشانِ امتیاز (ملٹری)، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نشانِ امتیاز (ملٹری) اور چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نشانِ امتیاز (ملٹری) نے پاک افواج کے ہمراہ میجر طفیل محمد شہید نشانِ حیدر کو ان کی 67ویں برسی پر شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔

میجر طفیل محمد شہید نے سابق مشرقی پاکستان کے لکشمی پور سیکٹر میں دشمن کے خلاف غیر معمولی جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ شدید زخمی ہونے کے باوجود وہ آخری دم تک لڑتے رہے اور دشمن کو پسپا کرتے ہوئے مشن کو کامیابی سے مکمل کیا۔ ان کی اس بے مثال قربانی پر قوم نے انہیں اپنے اعلیٰ ترین فوجی اعزاز “نشانِ حیدر” سے سرفراز کیا۔

افواجِ پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میجر طفیل محمد شہید اور تمام شہداء کی قربانیاں قوم کا فخر اور سرمایہ افتخار ہیں۔ ان کی جرات، ایثار، اور وطن سے بے پناہ محبت آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ بنی رہے گی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ وطن کی سلامتی اور خودمختاری کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے یہ عظیم سپوت ہمیشہ دلوں میں زندہ رہیں گے۔ افواجِ پاکستان نے ان تمام ہیروز کو سلام پیش کیا جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ ان کی قربانیاں ملک میں پائیدار امن، استحکام اور آزادی کی ضامن ہیں۔

شوشہ Previous post آئین و خودمختاری کے سال کے تحت منعقدہ چھٹے ڈائسپورا یوتھ سمر کیمپ کے شرکاء کا تاریخی شہر شوشہ کا دورہ