
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے امریکی اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات
راولپنڈی، یورپ ٹوڈے: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے امریکی اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی۔ امریکی وفد کی قیادت جنوبی اور وسطی ایشیائی امور کے سینئر بیورو افسر ایرک میئر نے کی۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں خطے کی موجودہ صورتِ حال، عالمی تبدیلیوں، اور پاکستان کی علاقائی سیکیورٹی ضروریات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ دونوں فریقین کو باہمی مؤقف شیئر کرنے کا موقع ملا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وفد نے پاکستان میں موجود وسیع معدنی وسائل کی ترقی سے متعلق حکومتی پالیسی پر اعتماد کا اظہار کیا، جبکہ ایرک میئر نے پاکستان میں بتدریج بہتر ہوتے سرمایہ کاری کے ماحول پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے دو طرفہ تعلقات کی مثبت پیشرفت پر اعتماد کا اظہار کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ حکومت سے حکومت اور عوام سے عوام کے سطح پر تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔