
ایشیا کپ 2025 کے وینیوز کا اعلان، پاک بھارت ٹاکرا 14 ستمبر کو دبئی میں ہوگا
دبئی، یورپ ٹوڈے: ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی نے ستمبر میں شیڈول ایشیا کپ 2025 کے وینیوز کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں انہوں نے بتایا کہ آٹھ ٹیموں پر مشتمل یہ ایونٹ متحدہ عرب امارات کے دو شہروں، دبئی اور ابو ظبی میں منعقد ہوگا۔
ایونٹ کے اہم میچز دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، جن میں 14 ستمبر کو روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی وولٹیج مقابلہ اور 28 ستمبر کو فائنل میچ شامل ہیں۔
ابو ظبی کا زید کرکٹ اسٹیڈیم ٹورنامنٹ کے آٹھ میچز کی میزبانی کرے گا، جن میں 23 ستمبر کو شیڈول سپر فور مرحلے کا ایک اہم میچ بھی شامل ہے۔
ٹورنامنٹ کا آغاز 9 ستمبر سے ہوگا اور 28 ستمبر تک جاری رہے گا۔ تمام میچز مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے شروع ہوں گے، سوائے 15 ستمبر کے میچ کے جس کا وقت مختلف ہوگا۔
واضح رہے کہ 2026 میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے تناظر میں ایشیا کپ 2025 کو بھی ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا جائے گا، تاکہ ٹیمیں عالمی ایونٹ کی تیاری کے لیے موزوں انداز میں مقابلہ کر سکیں۔