صدر مملکت آصف علی زرداری اور ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کی ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: صدر مملکت آصف علی زرداری اور ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کی ملاقات میں دوطرفہ تجارت، بینکنگ، فوڈ ٹیکنالوجی اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ اس ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان، ملائیشیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ ملائیشیا کے وزیراعظم کے دورے کو دونوں برادر ممالک کے تعلقات میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا گیا۔
اس موقع پر صدر مملکت نے غزہ کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کو فلسطینی عوام کے خلاف مظالم سے روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے بھی ملاقات میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وزیراعظم شہباز شریف سے بہت اچھی بات چیت ہوئی ہے۔
بعد ازاں ایک خصوصی تقریب میں صدر مملکت نے ملائیشیا کے وزیراعظم کو نشان پاکستان کا ایوارڈ عطا کیا۔
اعلامیہ ایوان صدر کے مطابق ملائیشیا کے وزیراعظم علامہ اقبال کے بارے میں مطالعے کے شوقین ہیں اور پورے سیاسی کیریئر میں انسانی مقاصد اور اسلامی اقدار کے حامی رہے ہیں۔ ملائیشیا کے وزیراعظم حقِ خود ارادیت کی تحریکوں کے بھی پُرزور حامی سمجھے جاتے ہیں۔
صدر مملکت نے ملائیشیا کے وزیراعظم اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ کا بھی اہتمام کیا۔