
صدرِ مملکت کا بیجنگ ٹرانسپورٹ فورم سے خطاب: پائیدار انفرا اسٹرکچر کی ضرورت پر زور
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مؤثر اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے پائیدار انفرا اسٹرکچر کی تعمیر ضروری ہے۔ انہوں نے یہ بات بیجنگ ٹرانسپورٹ فورم 2024ء سے ویڈیو خطاب کے دوران کہی۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان پائیدار اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ نظام کی ترقی کے لیے پُرعزم ہے اور اس مقصد کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے خواتین کے لیے خصوصی “پنک بس” سروس متعارف کرائی ہے تاکہ ٹرانسپورٹ کی سہولت میں مزید بہتری آئے۔
صدرِ مملکت نے پاکستان کے دیہی علاقوں کی ترقی کو اہم پیشرفت قرار دیا اور کہا کہ سدا بہار سڑکوں کی رسائی سے دیہی علاقوں کو بنیادی خدمات کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں سیلاب اور موسمی حالات نے پاکستان کے ٹرانسپورٹ انفرا اسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچایا ہے، جسے بحال کرنے کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے چین کے ساتھ تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان پائیدار ترقی کے فروغ اور علاقائی و عالمی معاشی ترقی میں چین کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کے باہمی تعاون کو بھی صدرِ مملکت نے وقت کی ضرورت قرار دیا۔