
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا بین الاقوامی PATS مشق کی اختتامی تقریب سے خطاب
کھاریاں، یورپ ٹوڈے: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان آرمی نے ہمیشہ کردار، جرات اور قابلیت کی اعلیٰ مثالیں قائم کی ہیں۔ پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے اعلیٰ پیشہ ورانہ اوصاف، حوصلے اور مہارت کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھاریاں گیریژن میں منعقدہ آٹھویں بین الاقوامی “پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ” (PATS) مشق کی اختتامی تقریب کے موقع پر بطور مہمان خصوصی کیا۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ PATS جیسے عسکری مشقیں نہ صرف باہمی سیکھنے کے مواقع فراہم کرتی ہیں بلکہ جدید جنگی تقاضوں کے مطابق حکمت عملی، مہارت اور ٹیم ورک کو بھی فروغ دیتی ہیں۔ ان مشقوں سے افواج کے درمیان ہم آہنگی اور تجربات کے تبادلے کو تقویت ملتی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ 60 گھنٹوں پر مشتمل سخت اور ہمہ جہت پٹرولنگ مشق تھی جس کا مقصد شرکاء کی جنگی مہارتوں میں اضافہ اور پیشہ ورانہ تجربات کا تبادلہ تھا۔
مشق میں پاکستان آرمی کی سات ٹیموں اور پاکستان نیوی کی ایک ٹیم سمیت پندرہ دوست ممالک کی افواج نے شرکت کی، جن میں بحرین، بیلاروس، چین، سعودی عرب، مالدیپ، مراکش، نیپال، قطر، سری لنکا، ترکیہ، امریکہ، اور ازبکستان شامل تھے، جبکہ بنگلہ دیش، مصر، جرمنی، کینیا، میانمار، اور تھائی لینڈ کے نمائندوں نے بطور مبصر شرکت کی۔
آرمی چیف نے تمام ٹیموں کی پیشہ ورانہ کارکردگی، جسمانی و ذہنی برداشت اور بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ PATS نے بین الاقوامی سطح پر ایک سنجیدہ، مؤثر اور باوقار فوجی مشق کی حیثیت حاصل کر لی ہے۔
تقریب کے اختتام پر جنرل عاصم منیر نے بہترین کارکردگی دکھانے والی ٹیموں اور شرکاء میں انعامات تقسیم کیے۔ بین الاقوامی مبصرین اور مختلف ممالک کے دفاعی اتاشیوں نے بھی تقریب میں شرکت کی اور مشق کے شاندار انتظامات کو سراہا۔