
بحرین کے وزیر داخلہ کا مسجد خودکش حملے کی شدید مذمت، پاکستان سے مکمل یکجہتی کا اظہار
اسلام آباد،یورپ ٹوڈے: پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو بحرین کے ہم منصب جنرل شیخ راشد بن عبداللہ آل خلیفہ کی جانب سے ٹیلی فون کال موصول ہوئی، جس میں انہوں نے اسلام آباد کی ایک مسجد میں ہونے والے خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
بحرین کے وزیر داخلہ نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا، جبکہ زخمیوں اور متاثرہ افراد کے ساتھ بھی مکمل یکجہتی کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ مسجد پر حملہ درحقیقت انسانیت پر حملہ ہے اور اس بزدلانہ کارروائی میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر بحرین کو شدید رنج ہے۔
ٹیلی فونک گفتگو کے دوران بحرینی وزیر داخلہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بحرین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور آئندہ بھی ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیتا رہے گا۔ انہوں نے دہشت گردی کی ہر شکل میں مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی عظیم قربانیوں کو سراہا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر بحرین کے وزیر داخلہ کا اظہارِ یکجہتی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بحرین نے ہر آزمائش کی گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دنیا کو محفوظ بنانے کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور عالمی برادری کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پر مربوط اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ اس ناسور کا مکمل قلع قمع ممکن بنایا جا سکے۔