بسنت

بسنت فیسٹیول شروع، لاہور کی فضا میں بوکاٹا کی گونج

لاہور، یورپ ٹوڈے: شہرِ لاہور میں بسنت فیسٹیول کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، جس کے بعد شہر بھر میں چھتوں پر پتنگ بازی، خوشی اور جشن کا سماں دیکھنے میں آ رہا ہے۔ مختلف علاقوں میں ڈھول کی تھاپ پر ’’بوکاٹا‘‘ کی صدائیں گونجتی رہیں، جب کہ آسمان رنگ برنگی پتنگوں سے سجا ہوا نظر آیا۔

پنجاب کی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری نے رات بارہ بجے پتنگ اڑا کر بسنت فیسٹیول کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بسنت پنجاب کی ثقافتی پہچان ہے اور حکومت اس تہوار کو خوش اسلوبی سے منانے کے لیے کوشاں ہے۔

بسنت کے موقع پر لاہور کی فضا میں ستاروں کی جگہ پتنگیں دکھائی دیں، جب کہ روشن چھتوں پر نوجوانوں اور پتنگ بازوں کی بڑی تعداد موجود رہی۔ شہریوں نے روایتی جوش و خروش کے ساتھ تہوار کا لطف اٹھایا۔

بسنت کی رونق بڑھانے میں خواتین بھی پیش پیش رہیں۔ خواتین نے ہاتھوں پر مہندی رچائی، رنگ برنگے ملبوسات زیب تن کیے اور گھروں میں مختلف روایتی پکوان تیار کر کے تہوار کا بھرپور استقبال کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بسنت کے آغاز پر سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام بھی شیئر کیا، جس میں شہریوں کو پتنگ اڑاتے اور جشن مناتے دیکھا جا سکتا ہے۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب نے بسنت کے باقاعدہ آغاز سے کچھ دیر پہلے لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہریوں سے ملاقات کی۔ اس دوران ایک مقام پر بچوں نے وزیراعلیٰ کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

انڈونیشیا Previous post انڈونیشیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیاحت میں تعاون کے معاہدے پر اتفاق
مریم نواز Next post بسنت کے آغاز پر وزیراعلیٰ پنجاب کا بیان، خوشیاں ذمہ داری سے منانے پر زور